اسلام آباد (حذیفہ اشرف)وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار پیر کے روز برادر ملک ترکیہ کے شہر استنبول روانہ ہوں گے، جہاں وہ عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ اجلاس غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران پر غور کے لیے طلب کیا گیا ہے۔دفترِ خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستان کی جانب سے فلسطین سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، غزہ کی تعمیرِ نو، اور انسانی امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی پر زور دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا کو یکجا ہو کر فلسطینی عوام کے لیے مضبوط مؤقف اپنانا چاہیے۔ادھر دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے غزہ پر چوتھے روز بھی بمباری جاری رکھی، جس میں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں صیہونی فورسز نے ٹینکوں سے گولہ باری کی، جبکہ شمالی غزہ میں گولہ باری اور فائرنگ کی آوازیں مسلسل سنائی دے رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں سے فلسطینیوں کی لاشوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، اور ملبے تلے موجود لاشوں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری درکار ہے۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے پر اسرائیلی آبادکاروں نے تین گاڑیوں کو آگ لگا دی، جبکہ الخلیل کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں تین فلسطینی زخمی ہوئے۔ذرائع کے مطابق استنبول اجلاس میں غزہ کی بحالی، جنگ بندی کے نفاذ، اور اسرائیلی انخلا کے ٹائم فریم پر بھی تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔