یوم آزادی پاکستان پر گوگل کا دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو سرچ انجن سے خراج تحسین۔

اسلام آباد(اویس الحق سے)ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا کے نمبر ایک سرچ انجن گوگل پر یوم آزادی پاکستان کے موقع پر نیا ڈوڈل جاری کیا گیا،گوگل سرچ انجن گوگل کے ہوم پیج پر موجود وہ خصوصی، عارضی لوگو ہوتا ہے جو اہم تاریخی، ثقافتی، عالمی واقعات، تعطیلات، یا مشہور شخصیات کی یاد منانے کے لیے ڈیزائن کیا جاتا ہے۔مذکورہ گوگل انجن لوگو عام طور پر گوگل کے اصل لوگو کی جگہ لیتا ہے اور ایسے میں عارضی طور پر گوگل کا اپنا لوگو معطل کردیا جاتا ہے۔

گوگل ڈوڈل سرچ انجن میں تصاویر، اینیمیشنز، ویڈیوز، یا انٹرایکٹو گیمز شامل ہو سکتے ہیں،جسے کلک کرنے پر اس کی مزید تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔

ایسے میں گوگل نے اس سال پاکستان کے یوم آزادی پر ڈوڈل جاری کرتے ہوئے اپنے نوٹ میں بتایا کہ پاکستان 14 اگست 2025 کو اپنی آزادی کی 78ویں سالگرہ منا رہا ہے۔نوٹ میں مزید بتایا گیا کہ 14 اگست کے تاریخی دن سن 1947 میں پاکستان نے تقریباً 200 سالہ غیر ملکی اقتدار سے آزادی حاصل کر کے ایک خودمختار ریاست کی حیثیت اختیار کی تھی۔نوٹ کے مطابق سال 1947 کے ایکٹ آف انڈیپنڈنس کے بعد برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی الگ آزاد قومی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان تحریک کا آغاز کیا، اس تحریک کی قیادت آل انڈیا مسلم لیگ نے کی، جس کے سربراہ قائداعظم محمد علی جناح تھے،ان کی انتھک جدوجہد نے پاکستان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔

گوگل نے ڈوڈل جاری کرتے ہوئے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یومِ آزادی کے جشن کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے، جس کے بعد صدارتی اور پارلیمانی عمارات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔سیاسی رہنما قومی ترقی اور پیش رفت پر تقاریر کرتے ہیں،جنہیں ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔

گوگل نے اپنے نوٹ میں مزید کہا کہ یہ دن ہر پاکستانی کے لیے فخر اور عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ وہ اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔