ہائیکورٹ کا گوجرخان ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں پر چھان بین کا حکم

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے میونسپل کمیٹی گوجرخان میں ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف دائر پٹیشن نمٹاتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو حکم دیا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور قانون کے مطابق درخواست گزار کے تحفظات دور کر کے 4 ہفتے میں فیصلہ کیا جائے میسرز عدنان انٹرپرائزز نے اپنی پٹیشن میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب، میونسپل کمیٹی گوجرخان ایڈمنسٹریٹر، چیف افسر، میونسپل افسر آئی اینڈ ایس، میونسپل افسر فنانس اور میسرز این ایس بلڈرز کو فریق بنایا تھا ضمیر حسنین ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میونسپل کمیٹی گوجرخان نے 31 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کے گوجرخان نالے کی صفائی کے ٹینڈر جاری کئے جس میں متعدد پارٹیوں نے حصہ لیا جس میں درخواست گزار نے 28 فیصد سب کم ریٹ پر بولی دی لیکن میونسپل کمیٹی حکام نے مبینہ ملی بھگت سے اپنی منظور نظر فرم این ایس کو ٹھیکہ دے دیا جس کے تحت پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزی کی گئی درخواست گزار نے متعلقہ حکام کے علاوہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی لہٰذا اس ٹھیکے کو غیر قانونی قرار دے کر روکا جائے گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو حکم دیا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور قانون کے مطابق درخواست گزار کے تحفظات دور کر کے 4 ہفتے میں فیصلہ کیا جائے عدالت نے پٹیشن نمٹا دی۔