کہوٹہ(نمائندہ پنڈی پوسٹ) سلامبڑ گاؤں میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سلامبڑ میں پاکستان آرمی میں بھرتی کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، ملک و قوم کی خدمت کے عظیم جذبے سے سرشار اور روشن مستقبل کے خواہاں نوجوانوں نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ بھرتی کے عمل میں حصہ لیا، صبح سویرے ہی امیدواروں کی قطاریں لگ گئیں اور نوجوانوں کے چہروں پر وطن کی حفاظت کے عزم اور جذبے کی جھلک نمایاں نظر آئی،
بھرتی کے عمل کے دوران پاکستان آرمی کے عملے نے انتہائی منظم اور شفاف انداز میں تمام مراحل اور طریقہ کار مکمل کیا،
امیدواروں اور ان کے اہل خانہ نے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا، نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں شامل ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ محترمہ شیریں گل بھی سلامبڑ ہائی سکول میں موجود رہی اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے تھے تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب پولیس اور ریسکیو 1122، عملہ سول ڈیفنس ، پیرا کہوٹہ کا عملہ بھی موقع پر موجود رہا۔ اداروں کی موجودگی کی بدولت پورا عمل نہایت منظم، محفوظ اور پرامن ماحول میں جاری رہا۔مقامی شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج میں بھرتی کے مواقع نوجوانوں کے لیے نہ صرف باعزت روزگار بلکہ ملک کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہیں۔