کلرسیداں کے داخلی و خارجی راستوں پر سیف سٹی کیمرے نصب،تھانے میں مانیٹرنگ روم قائم

کلرسیداں(پنڈی پوسٹ نیوز)کلر سیداں داخلی اور خارجی راستوں پر سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری منیرنگ روم تھانہ کلر سیداں میں قائم عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شہر کو سیکیورٹی کے لحاظ سے محفوظ بنانے کے لیے کلر سیداں کے تمام اہم داخلی اور خارجی راستوں پر جدید سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

اس اہم منصوبے کا بنیادی مقصد شہر میں جرائم کی روک تھام، مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھنا اور امن و امان کی فضا کو بحال رکھنا ہے۔کیمروں کی مدد سے شہر بھر کی لائیو نگرانی اور 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو ممکن بنانے کے لیے تھانہ کلر سیداں کے اندر ایک جدید ترین مانیٹرنگ روم بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں سے تربیت یافتہ اہلکار لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال پر نظر رکھیں گے۔

​اس جدید اقدام کے تحت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کے ساتھ ساتھ حساس مقامات اور مرکزی شاہراہوں کو بھی سیکیورٹی نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ کے مطابق ان اعلیٰ کوالٹی کیمروں کی مدد سے نہ صرف چوری، ڈکیتی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ملزمان کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہو سکے گی۔

اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور قوانین کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے بھی یہ سسٹم انتہائی معاون ثابت ہو گا۔ کلر سیداں کے عوامی و تجارتی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس پروجیکٹ کی مکمل فعال ہونے سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر اور مستحکم ہو گی۔