کلرسیداں میں سادات کی شان میں گستاخی پر شدید احتجاج، پیر محمود قادری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کلرسیداں (یاسر ملک)
سادات کی شان میں گستاخی کرنے اور نازیبا تقریر کرنے پرکلرسیداں میں جماعت اہل سنت کے پیر محمود حسین قادری کے خلاف کلرسیداں سادات برادی کا شدید احتجاج ۔احتجاجی ریلی میں پیر محمود قادری کے خلاف شدید نعرے بازی اور مقدمہ کے اندراج کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق کلرسیداں کی سادات برادری اور جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام گزشتہ روز ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں درجنوں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک افراد نے پیر محمود حسین قادری کی جانب سے مبینہ طور پر سادات کی گستاخی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اس عمل کی بھرپور مذمت کی۔ریلی کی قیادت جماعت اہلسنت کلرسیداں کے رہنما سید حامد علی شاہ، سید زبیر علی شاہ، طاہر شاہ کاظمی، سید سبطین الحسین شاہ ایڈووکیٹ، سید تجمل حسین شاہ اورنعت خواں احسان الحق چشتی نے کی۔ شرکا نے کلرسیداں کے مین چوک میں احتجاجی جلوس نکالا جس کے دوران سادات کی حرمت پر جان بھی قربان ہے جیسے نعرے لگائے گئے۔بعد ازاں ریلی تھانہ کلرسیداں پہنچی جہاں رہنماؤں نے ایس ایچ او سید سبطین الحسین کو واقعے کے خلاف تحریری درخواست دی۔ تاہم ایس ایچ او نے مؤقف اپنایا کہ وقوعہ کلرسیداں کا نہیں بلکہ گوجرخان کے علاقے کا ہے، لہٰذا اس حوالے سے یہاں کارروائی ممکن نہیں۔ایس ایچ او کے اس جواب کے بعد شرکا نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے تھانہ گوجرخان کا رخ کیا۔ روانگی سے قبل سید حامد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی عزت و حرمت پر کسی کی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ جب تک مقدمہ درج نہیں ہوتا ہم تھانہ گوجرخان کے باہر پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔مظاہرین نے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا فوری نوٹس لے کر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جسارت کی ہمت نہ ہو۔