کلر سیداں یونین آف جرنلسٹس کے وفد اسسٹنٹ کمشنر ثناء ارشد سے تعارفی ملاقات

(پنڈی پوسٹ نیوز)کلر سیداں یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ثناء ارشد سے تعارفی ملاقات کی۔ وفد میں صدر حافظ کامران حشر، سرپرست اعلیٰ عبدالعزیز پاشا، جنرل سیکرٹری زاہد پرویز، فنانس سیکرٹری محمد نواز دھمیال، ان کے ساتھ ثاقب یاسین، گل فراز خان، میڈم ثوبیہ جمیل، میڈم فرح ناز، راجہ تجمل اور لیگل ایڈوائزر کائنات فرخ راجہ ایڈووکیٹ شامل تھے۔

ملاقات کے موقع پر کلر سیداں یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے نومنتخب اسسٹنٹ کمشنر ثناء ارشد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے یونین کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران کلر سیداں کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل سیکرٹری زاہد پرویز نے کلر سیداں میں اشیائے ضروریہ، بالخصوص گوشت اور ایل پی جی گیس سلنڈر کے مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں کے حوالے سے درپیش مسائل سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔گل فراز خان نے تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل اور خدشات سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا، جبکہ میڈم صوبیہ جمیل نے محلہ جناح کالونی کلر سیداں کے مسائل تفصیل سے پیش کیے۔

اسی طرح میڈم فرح ناز نے بھی علاقائی سطح پر درپیش مختلف مسائل پر اسسٹنٹ کمشنر سے گفتگو کی۔ لیگل ایڈوائزر کائنات فرخ راجہ ایڈووکیٹ نے بھی قانونی اور عوامی امور کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سرپرست اعلیٰ عبدالعزیز پاشا اور صدر حافظ کامران حشر نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کی تائید کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سے ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی درخواست کی۔

اسسٹنٹ کمشنر ثناء ارشد نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ حلقوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی میں صحافتی برادری کا کردار اہم ہے، کسی بھی مسئلے کی نشاندہی کی جائے تو انتظامیہ اس کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

ملاقات کے اختتام پر کلر سیداں یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے بھی اسسٹنٹ کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ علاقائی مسائل کو انتظامیہ کے ساتھ مشاورت سے حل کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا جائے گا اور عوامی مسائل کو صحافتی و سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اجاگر کیا جائے گا۔