کلر سیداں کے نواحی گاؤں ڈریال میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں ڈریال کے مقامی رہائشیوں اور سیاسی سماجی شخصیات، جن میں ملک مدثر ذاکر اور اہلیانِ علاقہ شامل ہیں، نے ان عوام دوست اقدامات پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور منتخب عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ترقیاتی و فلاحی منصوبے دیہی علاقوں میں عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈریال گاؤں میں ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کا عملی آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت علاقے میں بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کام شروع ہو چکا ہے، جب کہ عوام کی صحت کے لیے مفت میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا۔ یہ اقدامات وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی خصوصی توجہ اور رکنِ قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور اور رکنِ صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد کی کاوشوں سے ممکن ہوئے، جن کی ہدایات پر متعلقہ اداروں نے کام کا آغاز کیا۔ ڈریال گاؤں میں بجلی کے نظام کی بہتری سے نہ صرف لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ گھریلو اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی سہولت میسر آئے گی، جس پر اہلِ علاقہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اسی سلسلے میں ہفتہ کے روز ڈریال میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں مستند ڈاکٹروں اور طبی عملے نے سینکڑوں مرد، خواتین اور بچوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔ کیمپ میں مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور مستحق مریضوں کو ادویات بلا معاوضہ فراہم کی گئیں۔ اس سہولت سے ڈریال، درکالی سیداں اور موہڑہ بنی سمیت گرد و نواح کے علاقوں کے مکینوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔اہلِ علاقہ نے حکومتِ پنجاب اور منتخب نمائندوں سے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے مزید منصوبے دیہی علاقوں تک پہنچائے جائیں گے۔