کلرسیداں(یاسر ملک) کلر سیداں ڈینگی کا ایک اور مریض رپورٹ، تعداد 4 ہو گئی۔کلر سیداں میں ڈینگی وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد تحصیل میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد چار تک پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق، نئی آبادی چوکپنڈوری کے رہائشی 25 سالہ انیس ولد ظفر محمود ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو گیا۔
تحصیل اینٹمالوجسٹ غلام احمد خان سنبل نے بتایا کہ متاثرہ نوجوان پیشے کے اعتبار سے ہمک اسلام آباد میں ملازمت کرتا تھا جہاں سے وہ وائرس کا شکار ہوا۔مریض کو فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔مریض کا کیس ڈینگی ڈیش بورڈ پر رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے چوکپنڈوری اور ملحقہ علاقوں میں انسدادِ ڈینگی اسپرے کرایا اور لاروا کی تلاش کا عمل بھی مکمل کیا۔
عوامی حلقوں نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گلی محلوں میں باقاعدگی سے اسپرے اور آگاہی مہم کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزید افراد اس وبا کا شکار نہ ہوں۔