کلر سیداں نواحی علاقے میں فائرنگ سے شخص جاں بحق

کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں نواحی علاقے میں فائرنگ سے شخص جاں بحق۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں کے قریبی گاؤں پھلینہ کے جنگلات میں فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ فردوس نامی شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔ مقامی شہری اسد محمود نے ہنگامی نمبر 15 پر اطلاع دی کہ اس کے بھائی کی لاش جنگل میں موجود ہے۔

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کلر سیداں راجہ عاقب رزاق بمعہ سب انسپکٹر زمبین الحسن اور عبدالقدیر پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچے اور نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول فردوس عرف دوسہ کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا۔ تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ مقتول متعدد مقدمات میں اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔