کلر سیداں آتش بازی اور شور شرابہ، پولیس کا چھاپہ ساؤنڈ سسٹم سمیت چھ ملزمان گرفتار

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ کلر سیداں پولیس گشت اور پڑتال کے سلسلے میں کلر سیداں بازار میں موجود تھی کہ حمزہ کالونی کی جانب سے آتش بازی اور اونچی آواز میں گانے بجانے کی آوازیں سنائی دیں۔ اس اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر ریڈنگ پارٹی تشکیل دی جو سرکاری گاڑی کے ہمراہ موقع پر پہنچی۔

پولیس کے مطابق وہاں متعدد افراد ساؤنڈ سسٹم پر اونچی آواز میں گانے چلا کر ڈانس کر رہے تھے جبکہ کچھ افراد آتش بازی میں مصروف تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر بیشتر لوگ موقع سے فرار ہو گئے تاہم چھ افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار افراد کی شناخت محمد حنیف سکنہ چوآ خالصہ، ناصر محمود، راشد محمود، احسن اشتیاق سکنہ موہڑہ لنگڑیال، ارشد محمود سکنہ چوآ خالصہ اور مدثر اقبال سکنہ کلر سیداں کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس نے موقع سے ایک عدد ساؤنڈ سسٹم، چار عدد انار چلیدہ، تین عدد ہوائیاں چلیدہ اور تین عدد چائنا اسٹک چلیدہ بطور ثبوت قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔