کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں 32 لاکھ روپے مالیت کی کار نذرِ آتش ، مالک نے دو افراد کے خلاف درخواست دے دی۔کلر سیداں میں مبینہ طور پر 32 لاکھ روپے مالیت کی کار کو آگ لگا دی گئی۔
متاثرہ شخص نے دو افراد کے خلاف تھانہ کلر سیداں میں تحریری درخواست جمع کروا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق، محمد مظہر اقبال سکنہ موضع سہر نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ وہ برطانیہ (یو کے) میں مقیم ہیں اور گزشتہ ایک سال سے اپنے آبائی گاؤں میں موجود ہیں۔ انہوں نے محمد سرفراز نامی شخص سے ایک آلٹو وی ایکس آر کار اسلام آباد سے کرایے پر حاصل کر رکھی تھی۔
درخواست گزار کے مطابق24 اکتوبر 2025 کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے انہوں نے گاڑی اپنے ماموں زاد بھائی محمد بشارت کے گھر کے قریب کھڑی کی۔ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے محمد بشارت نے دیکھا کہ کار سے آگ اور دھواں اٹھ رہا ہے، اور اسی وقت تین افراد فہد عزیز، محمد عزیز اور امان خلیل کو موقع سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
متاثرہ فریق کے مطابق واقعہ کے متعدد افراد چشم دید گواہ ہیں۔ اطلاع ملنے پر مظہر اقبال اور ان کے عزیز موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔