کراچی،مظاہرین کا امریکی قونصلیٹ پردھاوا، جھڑپیں،9 افراد جاں بحق

ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد کراچی میں مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، جھڑپوں میں 9 مظاہرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین نے امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کی گئی جس میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں، زخمیوں کو سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے جواب میں مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔ مشتعل مظاہرین نے سلطان آباد میں ٹریفک پولیس کی چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا۔

احتجاج کے باعث نمائش چورنگی جانے والے راستے ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے، ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔

ادھر لاہور میں بھی مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے باہر توڑ پھوڑ کی، پولیس نے مظاہرین کی امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے لگائے سکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیے۔

مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ شملہ پہاڑی کے باہر دھرنا دے دیا۔ احتجاج میں نوجوانوں، خواتین و بچوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ خواتین نے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.