چوکپنڈوری میں ایک ہی رات دو دکانوں کا صفایا، لاکھوں کا سامان چوری

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) چوکپنڈوری میں ایک ہی رات دو دکانوں کے تالے ٹوٹ گئے، لاکھوں کا سامان چوری۔کلر سیداں کے نواحی قصبے چوکپنڈوری میں ایک ہی رات کے دوران چوری کی دو مختلف وارداتوں میں نامعلوم ملزمان دو دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لے اڑے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم چوروں نے مدثر اقبال کی موبائل شاپ کے تالے توڑ کر وہاں سے 40 عدد قیمتی موبائل فونز اور دو لاکھ روپے نقدی چوری کر لی۔ اسی رات ایک دوسری واردات میں نعمان ڈیکوریشن شاپ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے ملزمان مختلف مالیت کے پیسوں کے ہار اور ایک عدد جنریٹر بھی چرا کر لے گئے۔

متاثرین کو وارداتوں کا علم صبح کے وقت دکانیں کھولنے پر ہوا، جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا۔تھانہ کلر سیداں پولیس کے سب انسپکٹر مبین الحسن مصروفِ تفتیش ہیں، جبکہ نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔