پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی منظوری دے دی

لاہور(پنڈی پوسٹ نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی منظوری دے دی۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین بیرسٹرگوہر کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ، صوبائی حکومت کے خلاف وفاقی حکومت کے اقدام سمیت اہم امور زیر غور آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے چار اکتوبر کو لانگ مارچ کے آغاز کی منظوری دے دی، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع سے مارچ کا آغاز کریں گے۔ذرائع کے مطابق لانگ مارچ حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہوگیا، لانگ مارچ کئی ہفتوں کی سیاسی سرگرمیوں کے بعد اسلام آباد میں داخل ہوگا، لانگ مارچ کے حتمی پڑاؤ کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھی وزیراعلیٰ کو لانگ مارچ کے آغاز کا گرین سگنل دے دیا، صوبائی حکومت کیخلاف کسی بھی وفاقی اقدام کا عوامی طاقت سے جواب دیا جائے گا، ایمرجنسی یا گورنر راج کی صورت میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا ہوگا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق ممکنہ وفاقی اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے قانونی ٹیم تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔