اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت مذاکرات چاہتی ہے مگر پیچھے ایک خفیہ لیڈر شپ ہے جو سب کنٹرول کررہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آئی جی کا اختیار ہے کہ ان کو کیسے ہینڈل کرنا ہے، ہم نے مظاہرین کو سنگجانی کی آفر دی تھی مگر وہ مذاکرات کرتے ہیں اور پھر وقت حاصل کرکے آگے آجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری کی پوری لیڈرشپ خون خرابا نہیں چاہتی بلکہ بات کرنا چاہتی ہے
صرف ایک خفیہ قیادت بیٹھی ہے جو سب کنٹرول کررہی ہے، مجھے لگتا ہے پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ ہاتھ ہوجائےگا، خفیہ ہاتھ کامیاب نہیں ہوا، اس کا ایجنڈا کچھ اور ہے اور وہی فساد کی جڑ ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کل ہماری 4 شہادتیں ہوئی ہیں، ان میں 3 رینجرز کے اہلکار اور ایک پولیس جوان شامل ہے، 2 رینجرز ، 5 پنجاب پولیس اہلکاروں کی حالت تشویش ناک ہے
ہمارے 2 اے ایس پی اور ایک ایس پی شدید زخمی ہیں جب کہ پنجاب پولیس کے 70 اہلکار زخمی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا سارا قافلہ کے پی سے آیا ہے، پولیس نے بتایا کہ مظاہرین کی طرف سے آنسو گیس کے شیلز آرہے ہیں، یہ شیل کے پی حکومت نے دیے، یہ صورتحال اس لیے ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں جانی نقصان نہیں چاہتے، گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا۔