لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق:10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے,20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے,100 گرام روٹی 14 روپےمیں دستیاب ہوگی۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں آٹے، گندم اور روٹی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب یا دیگر کسی بھی قدرتی آفت کی آڑ میں آٹے یا روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اگر کہیں قیمتوں میں خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔