وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سرکاری تعلیمی اداروں میں پنجاب سوشیو اکنامکس رجسٹری کے تربیتی سیشنز کا آغاز

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سرکاری تعلیمی اداروں میں پنجاب سوشیو اکنامکس رجسٹری کے تربیتی سیشنز کا آغاز۔بوائز ایسوسی ایٹ کالج اور ہائی سکول کلر سیداں میں تربیتی ورکشاپس، سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی کا دورہ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں پنجاب سوشیو اکنامکس رجسٹری کے حوالے سے تین روزہ تربیتی سیشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے میں پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور عوامی بہبود کے لیے درست اور قابلِ اعتماد سماجی و معاشی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے نظام کو فروغ دینا ہے۔

کلر سیداں میں اس ضمن میں گورنمنٹ بوائز ایسوسی ایٹ کالج اور بوائز ہائی سکول کو تربیت کے مراکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جہاں اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز، پرنسپلز، ضلعی تعلیمی افسران اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز شریک ہیں۔ تربیتی سیشنز پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، محکمہ خزانہ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے اشتراک سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔پروگرام میں شریک ماہرین نے بتایا کہ پنجاب سوشیو اکنامکس رجسٹری ایک جامع ڈیجیٹل ڈیٹا بیس ہے،

جس کے ذریعے صوبے کے ہر شہری کا سماجی و معاشی پروفائل تیار کیا جا رہا ہے۔ اس پروفائل میں آمدنی، تعلیم، صحت، رہائش، روزگار اور فلاحی سہولیات سے متعلق تفصیلی معلومات شامل ہوں گی، تاکہ صوبائی سطح پر شفاف اور مؤثر سماجی پالیسیاں ترتیب دی جا سکیں۔ماہرین کے مطابق تعلیمی اداروں کو اس عمل میں شامل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اسکول اور کالج کمیونٹی لیول پر ڈیٹا اکٹھا کرنے کے سب سے مؤثر مراکز ہیں۔ اساتذہ اور افسران کو ڈیجیٹل ٹیبلیٹس کے ذریعے ڈیٹا کلیکشن، فارم ویریفکیشن اور رپورٹنگ کے عملی مراحل سے گزارا جا رہا ہے، جبکہ ہر سیشن میں شرکاء کو ماک سروے کی مشق بھی کروائی جا رہی ہے تاکہ وہ فیلڈ ورک کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق تربیت مکمل کرنے والے افسران اور اساتذہ کو سرٹیفیکیٹس دیے جائیں گے، اور ہر ضلع میں ایک ڈسٹرکٹ سوشیو اکنامک یونٹ قائم کیا جائے گا جو ڈیٹا کلیکشن کے عمل کی نگرانی کرے گا۔اساتذہ نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے نہ صرف حکومت کو پالیسی سازی کے لیے قابلِ اعتماد ڈیٹا میسر آئے گا بلکہ تعلیمی عملے کی تحقیقی، تجزیاتی اور انتظامی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔دریں اثناء چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی طارق محمود نے جمعرات کے روز کلر سیداں کے دونوں تربیتی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعدازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چوآ خالصہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے سائنس اور کمپیوٹر لیبز سمیت مختلف کلاسز کا دورہ کیا اور طلبہ کے نتائج کے بارے میں استفسار کیا۔اس موقع پر اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ریحانہ علی شان نے بتایا کہ سکول کی طالبات نے کلاس نہم اور دہم میں ضلع بھر میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں، جس پر سی ای او ایجوکیشن نے پرنسپل کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ ہونہار طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے اور اس کی تصاویر انہیں ارسال کی جائیں۔ انہوں نے سکول کی صفائی ستھرائی اور تعلیمی ماحول پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔