میرپور (نمائندہ خصوصی)
میرپور کے سیکٹر A/5 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی نے خطرناک رخ اختیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق رہائشی پرویز اور ان کے بیٹے کامران کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔
اطلاعات کے مطابق طیش میں آ کر بیٹے نے گھر میں کھڑی گاڑی کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعہ کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔