ملک بھر میں فائیو جی سروس کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 3 بڑی کمپنیوں کو لائسنس جاری کردیے ہیں۔
پی ٹی اے نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کردیے ہیں، پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان 5 جی اسپیکٹرم لائسنس پر دستخط ہو گئے ہیں، لائسنس کے اجرا کے بعد تینوں کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔
لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 5 جی اسپیکٹرم لائسنس کی انتہائی شفاف انداز میں نیلامی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ درپیش قانونی چیلنجز کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، زونگ اور دیگر شراکت دار ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو سراہتے ہیں، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک-چین دوستی منفرد، اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے، ملک کے طول وعرض میں ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو چھوٹا رکھا گیا، پاکستان میں پہلی مرتبہ 5 جی سروس متعارف کرائی گئی ہے، کامیابی وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.