مقامی صحافی ظفر سعید ستی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق۔

مری(اویس الحق سے)مری میں فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں مقامی صحافی ظفر سعید ستی جاں بحق ہو گئے۔

رشتے کے تنازعے کا معاملہ بتایا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق صحافی ظفر سعید ستی کو دو گولیاں لگیں جن کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ افسوس ناک واقعہ مری کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور آزادانہ طریقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی ابتدائی وجہ رشتے کا تنازعہ دیکھا جا رہا ہے،تاہم مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او مری نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور صاف شفاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا دیکھی جا رہی ہے جبکہ صحافتی برادری مری یونین آف جرنلسٹس کے صدر امتیاز الحق ،جنرل سیکرٹری راجہ افضال سلیم،مری پریس کلب کے صدر عبدالحمید عباسی سمیت دیگر صحافتی برادری، سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔