مضاربہ اسکینڈل کے متاثرہ مسیاڑی کے رہائشی حفیظ الرحمٰن موجودہ حکومت اور عدلیہ سے انصاف کے منتظر۔

مری(اویس الحق سے)مری کی یونین کونسل اپر مسیاڑی کے رہائشی انتہائی غریب محنت کش حفیظ الرحمٰن جنہوں نے اب سے چند سال قبل دیگر پاکستانیوں کی طرح ”مضاربہ” میں اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی لگا دی آج حکومت خصوصاً نیب اور عدلیہ کی جانب سے انصاف کے منتظر ہیں۔

مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ ”مضاربہ اسکینڈل” حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ 2013 میں نیب نے اخبارات میں اشتہار دئے تھے جس میں متاثرین ”مضاربہ” سے ان کی زندگی کی جمع پونجی واپس دلوانے کا کہا گیا تھا لیکن آج قریباً 12 سال گزرنے کے باوجود ہمیں انصاف فراہم نہیں کیا جا سکا۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ 2013 سے آج تک ”صاحب حیثیت” لوگ کاروباری شخصیات اپنے پیسے پورے کر چکے ہیں لیکن غربت کی چکی میں پسنے والے غریب لوگوں کی کوئی سنوائی نہیں ۔

متاثرہ شخص نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نیب سمیت آرمی چیف تک کو متعدد بار درخواستیں دے چکا ہوں لیکن کسی ادارے اور عدالت سے کوئی بھی جواب اب تک نہیں آیا جس کا تمام طرح ریکارڈ میرے پاس موجود ہے۔

”نیب اور احتساب عدالتوں” کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکا ہوں پر کہیں کوئی مدد کرنے کو تیار نہیں۔

متاثرہ شخص نے اعلیٰ عدلیہ ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف،چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف سمیت دوبارہ سے آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے اور مجھ سمیت تباہ و برباد ہونے والے پاکستانیوں کی رقم ریکور کروائی جائے۔