مصر میں ٹرین حادثے میں 3 افراد جاں بحق، 90 سے زائد زخمی.

اسلام آباد(اویس الحق سے)مصر کے مغربی علاقے میں مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافر ریل مغربی بحیرہ روم کے صوبے مطروح سے دارالحکومت قاہرہ آرہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوئی۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے میں مسافر ریل کی 7 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ دوسری جانب وزارت صحت نے اموات اور زخمیوں کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے 30 ایمبولینسز جائے وقوع بھیج دی گئی ہیں۔

مصر کے ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائینگے۔

رپورٹ کے مطابق مصر میں ریل حادثات معمول کا حصہ ہیں جہاں ریلوے کا نظام بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے جان لیوا محکمہ بن چکا ہے جن میں ناصرف مقامی بلکہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد سفر کرتے ہیں۔