مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے ایجنڈے پر گامزن، سہولت بازار اس کی مثال ہے

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی انجینئر و ایم این اے قمرالسلام راجہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے 16 کروڑ روپے کی لاگت سے چیک بیلی خان میں پہلے سہولت بازار کی تعمیر کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے ، جو اپنی نوعیت کا ایک اہم عوامی منصوبہ ہو گا۔ سہولت بازار کے کامیاب قیام کے بعد چکوال، گوجرخان اور دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔

سہولت بازار کے قیام سے نہ صرف مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ 61 کے قریب دکانداروں کو روزگار کے مستقل مواقع بھی میسر آئیں گے۔ مزید یہ کہ سہولت بازار میں قائم دکانوں کے بجلی کے بلز سہولت بازار اتھارٹی ادا کرے گی جس سے دکانداروں پر مالی بوجھ کم ہو گا اور وہ عوام کو کم نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کر سکیں گے۔سہولت بازار کا بنیادی مقصد عام آدمی کو ایک ہی چھت تلے معیاری اور سستی اشیاء فراہم کرنا ہے۔

اس منصوبے کو عوامی فلاح کا منصوبہ سمجھا جا رہا ہے جس پر عوامی حلقوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے، تاہم چند عناصر کی جانب سے اس کی مخالفت بھی سامنے آئی ہے جسے انہوں نے بے بنیاد قرار دیا۔انہوں نے ہفتے کے روز کلر سیداں کے سینئر صحافی راجہ محمد سعید کی اہلیہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد مقامی میڈیا کے نمائندوں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہےانہوں نے دعویٰ کیا کہ نچلی سطح پر بااختیار بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے دیرپا حل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی نظام کے فعال ہونے سے نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی اور عوام کو ان کے دروازے پر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی ، ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور عوامی خدمت کے ریکارڈ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے اور موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازار جیسے منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عام آدمی کے مسائل کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے اور آج ایک بار پھر اسی وژن کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے تنقید برائے تنقید کی سیاست کی جا رہی ہے، مگر عوام باشعور ہیں اور ایسے ہتھکنڈوں کو بخوبی سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ علاقائی ترقی کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی عوامی اعتماد پر پورا اترا جائے گا۔کلر سیداں سٹی کے سابق ناظم شیخ حسن ریاض، سابق نائب ناظم راجہ ظفر محمود، مسلم لیگ ن کلر سیداں سٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری زین العابدین عباس، چوہدری طارق تاج،لیگی رہنما مرزا ساجد محمود اور کاروباری شخصیت مسعود احمد بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔