مسلسل 15 برس پولیو فری کلر سیداں کی صحت ٹیم کی خدمات کا اعتراف

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈینگی کے خلاف نمایاں کارکردگی اور مسلسل 15 برس سے پولیو فری حیثیت برقرار رکھنے پر راولپنڈی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈی ڈی ایچ او کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم کو دو عدد یاد گاری شیلڈز اور تعریفی لیٹر سے نوازا گیا،

جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن سمیر الحق اور تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار کو بھی شیلڈز دی گئیں۔تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیریسٹر دانیال چوہدری تھے۔ اس موقع پر ضلع راولپنڈی کی دیگر تحصیلوں کے ڈی ڈی ایچ اوز اور محکمہ صحت کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے

جنہیں انسدادِ ڈینگی اور پولیو مہم میں خدمات کے اعتراف میں شیلڈز اور تعریفی لیٹرز دیے گئے۔ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فرحت ابراہیم کو وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو مہم عظمیٰ کاردار نے شیلڈز پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے مقامی حلقوں نے ڈاکٹر فرحت ابراہیم اور ان کی ٹیم کو نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے تحصیل کلر سیداں کو پولیو فری رکھنے میں اپنا موثر کردار جاری رکھیں گی۔