اسلام آباد(اویس الحق سے)امام بارگاہ خدیجہ الکبری ترلائی پر خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہداء ترلائی کی نماز جنازہ ترلائی گراونڈ نزد مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری ترلائی کلاں جبکہ دوسری اجتماعی نماز جنازہ جی نائن امام بارگاہ میں ادا کی گئی۔
سانحہ ترلائی کلاں اسلام آباد میں مری سے تعلق رکھنے والے تین افراد بھی شہید ہوئے،شہداء کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے بھمروٹ سیداں سنگسیری بن کرور روڈ پر دن 2 بجے ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ہزاروں افراد سمیت وفاقی وزراء طارق فضل چودھری، سردار محمد یوسف، راجہ خرم نواز، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔
جنازہ گاہ کے اطراف سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔
شہداء کی نماز جنازہ سیکرٹری جنرل نفاذ فقہ جعفریہ،امام جامعہ مسجد خدیجۃ الکبری علامہ بشارت نے پڑھائی۔
نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو تدفین کیلئے روانہ کردیے گئے۔
دو شہدا کی نماز جنازہ امام بارگاہ جامع صادق میں ادا کی گئی جس میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی شرکت کی اور آغا شیخ محمد شفا نجفی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں کی امام بارگاہ و مسجد جامعہ خدیجۃ الکبری میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش بم دھماکے میں 32 افراد شہید اور 162 زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 29 کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.