پنڈی پوسٹ کی خبر پر ایکشن،ڈی پی او مری نے قبر کی بیحرمتی کا نوٹس لے لیا

مری(اویس الحق سے)نو تعینات ڈی،پی،او ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے خطہ پوٹھوار خصوصاً راولپنڈی ڈویژن میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے اخبار و ڈیجیٹل نیوز پیپر پنڈی پوسٹ کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے مری میں دو بار قبر کی بے حرمتی کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت ترین کاورائی عمل میں لائے جانے کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس موقع پر نو تعینات ڈی،پی،او ضلع مری نے پنڈی پوسٹ کو بتایا کہ مری میں قبر کی مبینہ بے حرمتی سے متعلق رپورٹ پر پولیس کو شدید تشویش ہے،قبرستان جیسے مقدس مقامات کی بے توقیری نہ صرف ہمارے مذہبی و سماجی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ قانوناً قابلِ سزا جرم بھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مری پولیس نے نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ متعلقہ مقام پر پولیس ٹیم روانہ کر دی گئی ہے تاکہ موقع کا معائنہ کیا جا سکے اور حقائق کا تعین ہو،تمام ذمہ دار عناصر کی شناخت کے لیے مقامی افراد اور عینی شاہدین سے بیانات لیے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر واقعے میں کوئی مجرمانہ غفلت یا بدنیتی پائی گئی تو قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔قبرستانوں کی سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے اضافی اقدامات بھی زیر غور ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ اہلیانِ مری سے گزارش ہے کہ اس حساس معاملے میں افواہوں سے گریز کریں اور پولیس کو مستند معلومات فراہم کرکے تعاون کریں۔

نو تعینات ڈی،پی،او ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے مزید کہا کہ مری پولیس ہر مقدس مقام کے تقدس کی محافظ ہے، اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تہہ تک پہنچ کر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب عوامی حلقوں نے نو تعینات ڈی،پی،او ضلع مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کو مری تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ اپنی بہترین سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مری میں بھی جرائم کے خاتمہ کےلئے ہر مکمن کوششیں کرینگے تاکہ وطن عزیز کے اس خوبصورت ہل اسٹیشن کو جرائم سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔