مری میں 4 انچ برف ریکارڈ کی گئی،تمام راستے سیاحوں کیلئے کھلے ہیں، ڈی پی او مری

مری(اویس الحق سے)مری میں برف باری کے بعد موسم سہانا ہوگیا، برفباری کا نیا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، 4 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔

مری میں رات گیے تک ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا جو بعد ازاں وقفے وقفے سے بارش میں تبدیل ہوگیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے مطابق مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے باوجود تمام راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں اور سیاح بلا خوف و خطر ملکہ کوہسار کا رخ کر سکتے ہیں۔

ڈی پی او مری کا کہنا تھا کہ وادی میں گزشتہ رات وقفے وقفے سے جاری ہلکی برفباری اور بعد ازاں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ تقریباً 4 انچ تک برف ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

برفباری کے فوری بعد انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں کو کلیئر کر دیا ہے مری کی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں اور کوئی بھی راستہ بلاک نہیں ہے۔ ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق برقرار ہے اور کسی بھی جگہ گاڑی کے پھنسنے یا سیاحوں کے محصور ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے سیاحوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شدید دھند اور موسم کی تبدیلی کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ سڑکوں پر پھسلن کے خدشے کے پیش نظر تیز رفتاری اور اوور ٹیکنگ سے گریز کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور انتظامیہ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کیلئے سڑکوں پر موجود ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کیلئے سیاح ایمرجنسی نمبر 15 یا ٹریفک پولیس ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔