اسلام آباد۔ ماڈرن ایج فورم اسلام آباد کے زیر اہتمام ماڈرن ایج پبلک اسکول و کالج (کیپٹل کیمپس) اسلام آباد میں ایک مکالماتی نشت کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع” معرکہ حق کے بعد کا پاکستان” تھا۔ اس نشست میں شرکا نے بصیرت افروز گفتگو کی اور نئے زاویوں سے موجودہ پاکستان کے سیاسی، سماجی، عسکری اور معاشی حالات کو سمجھنے کی کوشش کی۔
نشست کے آغاز میں ماڈرن ایج کے پرنسپل عبدالواحد میر نے موضوع کا تعارف کرواتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی اور تکنیکی صلاحیت کا مفصل تجزیہ کیا۔ عبدالواحد میر نے اس جنگ میں پاکستان کی شان دار کارکردگی کے ملک اور خطے پر پڑنے والے اثرات سے متعلق شریک معزز مہمانوں سے باری باری سوالات کیے جن کے جواب میں شرکاء نے سماجی، سیاسی اور اقتصادی زاویوں سمیت کئی پہلوؤں سے موضوع کا تجزیہ کیا۔
مکالمے کے معزز شرکاء میں جوائنٹ سیکرٹری (ر) طاہر قربان، ڈاکٹر محمود الحسن، ڈاکٹر مراد علی، فخر عباس خان، بیگم و ائیر کموڈور اشعر احسان، حارث حفیظ، محترمہ نوشی ملک، گروپ کیپٹن (ر) رحم کرم، وارنٹ آفیسر (ر) شبیر حسین اور وشال اسد شامل تھے۔
