اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز)اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر 11 اور 12 اپریل کے لیے جامع ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز آئی ٹی پی کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں کیونکہ شہر کے مختلف حصوں میں مختلف اوقات میں ٹریفک کی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات کے ذریعے موڑ دیا جائے گا۔اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے مسافر روات، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں۔مارگلہ روڈ (سیکٹر ایف سکس، جی فائیو اور جی سکس) سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ کی جانب آنے والی گاڑیوں کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف منتقل کیا جائے گا۔بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کو رنگ روڈ اور بنی گالا۔ترلائی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔راولپنڈی سے صدر مری روڈ کے ذریعے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کونائنتھ ایونیو استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔
زیرو پوائنٹ/فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے پر ٹریفک کی آمد و رفت مخصوص اوقات میں بند رہے گی۔ کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد جانے والی گاڑیوں کو نائنتھ ایونیو سگنل کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید برآں پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے کی جانب موڑا جائے گا۔اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ اور چکری موٹروے کے ذریعے گزارا جائے گا۔اہلکار نے بتایا کہ 12 اپریل تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا جبکہ ریڈ زون آنے اور جانے والی ٹریفک عام شہریوں کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی۔مزید معلومات کے لیے ٹریفک اپ ڈیٹس آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 اور آفیشل واٹس ایپ چینل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔