عید کے دوسرے روز اسماء ناز عباسی کا ٹی ایچ کیو کلر سیداں کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) عید الفطر کے دوسرے روز محکمہ صحت و آبادی کی پارلیمانی سیکرٹری اسماء ناز عباسی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے سی ای او بھی موجود تھے۔دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا بغور معائنہ کیا اور عید کی تعطیلات کے دوران فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ایم ایس ڈاکٹر عابدہ پروین بھی موجود تھیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے زیر تعمیر ٹراما سینٹر کے کام کی رفتار کا بھی معائنہ کیا اور اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم ہو سکیں ۔

اس موقع پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طبی سہولیات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے ہسپتال عملے کی کارکردگی پر اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ عید خوشیوں کا پیغام لے کر آتی ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان خوشیوں میں اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھیں جو بیماری کی حالت میں ہسپتالوں میں موجود ہیں۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف عید جیسے مواقع پر بھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے کر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔دورے کے اختتام پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔