عمران خان کی دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت،پمز اسپتال انتظامیہ کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(اویس الحق سے)پمز اسپتال انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم و بانی پی ٹی آئی کے تمام ضروری طبی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

پروفیسر رانا عمران سکندر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سیدھی آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، جس پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے مکمل طبی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو مرض اور اس کے ممکنہ علاج سے متعلق تفصیل سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری طبی اقدامات کیے۔