صفائی نصف ایمان ہے۔ یہ جملہ ہم بچپن سے سنتے آ رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے عملی زندگی میں ہم اس پر پوری طرح عمل نہیں کرتے۔ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں صفائی کے مسائل ایک طویل عرصے سے موجود رہے ہیں۔ گندگی، کوڑا کرکٹ، آلودہ نالے اور بدبودار گلیاں نہ صرف ہماری صحت کو متاثر کرتی ہیں بلکہ ہمارے معاشرتی رویّوں اور قومی تشخص پر بھی منفی اثر ڈالتی ہیں۔

ان مسائل کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے مختلف ادوار میں صفائی مہمات کا آغاز کیا تاکہ عوام کو ایک صاف ستھرا، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ تاہم صرف حکومتی کوششیں اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتیں جب تک عوام اپنی ذمہ داری کو نہ سمجھیں اور اس میں عملی کردار ادا نہ کریں۔پنجاب حکومت کی صفائی مہم کا مقصد صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا، کوڑا کرکٹ کو بروقت ٹھکانے لگانا، سیوریج کے مسائل حل کرنا اور عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔
اس مقصد کے تحت مختلف منصوبے شروع کیے گئے جن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں، صفائی آگاہی مہمات، اسکولوں اور کالجوں میں تربیتی پروگرام، اور میڈیا کے ذریعے پیغامات شامل ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور دیگر بڑے شہروں میں جدید مشینری کے ذریعے کوڑا اٹھانے کا نظام متعارف کروایا گیا تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
صفائی مہم کے دوران حکومت نے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دیہی علاقوں پر بھی توجہ دی۔ دیہات میں نالیوں کی صفائی، گلیوں کی بہتری اور کوڑا کرکٹ کے لیے مخصوص مقامات کا تعین کیا گیا۔ اس کے علاوہ خصوصی دنوں پر، جیسے عید الاضحیٰ یا مون سون کے موسم میں، صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
تاہم یہ حقیقت بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ صرف حکومتی ادارے اکیلے صفائی کا مکمل نظام نہیں چلا سکتے۔ اگر عوام خود لاپرواہی کا مظاہرہ کریں، سڑکوں پر کوڑا پھینکیں، نالیوں میں فضلہ ڈالیں اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کریں تو کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری اب یہ سوال اپنی جگہ نہایت اہم ہے کہ اگر کل پنجاب حکومت چلی جاتی ہے تو کیا ایک بار پھر سڑکوں، گلیوں اور محلّوں میں گندگی کے ڈھیر نظر آئیں گے؟
ماضی کے تجربات اس خدشے کو تقویت دیتے ہیں کہ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی صفائی، نظم و نسق اور عوامی سہولیات بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ جب ادارے افراد کے مرہونِ منت ہو جائیں اور نظام مضبوط نہ ہو تو ہر نئی تبدیلی عوام کے لیے مسائل لے کر آتی ہے۔ اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسا پائیدار اور مضبوط نظام قائم ہو جو حکومت آئے یا جائے، عوام کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرتا رہے۔
آصف شاہ
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.