لاہور(پنڈی پوسٹ نیوز) حکومت نے ٹریفک پولیس کو عید تک موٹر سائیکل اور رکشے کا چالان کرنے سے روک دیا۔
عالمی سطح پر کشیدہ صورتحال اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے عید تک رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کے چالان نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اگر پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو چیف ٹریفک آفیسر سمیت پوری فورس موٹر سائیکل استعمال کرے گی۔ مزید سخت صورتحال میں اہلکار سائیکلوں پر گشت بھی کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی گاڑیاں بلا ضرورت اسٹارٹ کر کے کھڑی نہیں کی جائیں گی تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا استعمال کم کریں۔