گوجرخان ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) تحصیل گوجرخان کے رورل ہیلتھ سینٹر مندرہ سے مشینیں دیگر ہسپتالوں میں منتقل ، عملے کی کمی کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی رہائشیوں چوہدری رضی حسین اور چوہدری سمیع حسن کی جانب سے ڈی ڈی ایچ او راولپنڈی کو ارسال کردہ تحریری درخواست میں بتایا گیا ہے کہ رورل ہیلتھ سینٹر مندرہ میں موجود چار مشینوں کو مختلف مقامات پر شفٹ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ادارہ عملی طور پر غیر فعال ہو چکا ہے درخواست کے مطابق سی پی مشین کو پھگواڑی میں، او ٹی اے مشین کو ٹی ایچ کیو مری میں، جبکہ ایکسرہ کی مشین کو بھی آر ایچ سی پھگواڑی منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ چار ڈسپنسرز اور مڈ وائف بھی رورل ہیلتھ سینٹر میں نہیں ہیں، جس کی وجہ سے اہل علاقہ کو تشخیصی سہولیات میسر نہیں ہیں۔انہون نے ڈی ڈی ایچ او راولپنڈی سے فوری نوٹس لینےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملہ اور مشینری کی واپسی کو رورل ہیلتھ سینٹر مندرہ میں یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔