راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)حکومت پنجاب کی ہدایت پر راولپنڈی ضلع کی 35 یونین کونسلوں میں خسرہ سے بچاؤ کی خصوصی مہم کا آغاز ہو چکا ہے جو 10 جولائی تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ راولپنڈی ضلع میں یہ مہم تحصیل کوٹلی ستیاں ایک یونین کونسل، تحصیل مری کی دو یونین کونسلوں، راولپنڈی کینٹ کی آٹھ یونین کونسلوں، راولپنڈی سٹی کی آٹھ یونین کونسلوں، راولپنڈی دیہی علاقوں کی سات یونین کونسلوں اور تحصیل ٹیکسلا کی نو یونین کونسلوں میں شروع کی گئی ہے۔ راولپنڈی کے علاوہ لاہور کی نو یونین کونسلوں میں بھی خسرہ سے بچاؤ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔