راولپنڈی: گلزار قائد میں لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

راولپنڈی کے علاقے گلزار قائد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پل پر ایک نوجوان لڑکی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ مدینہ کیش اینڈ کیری کے سامنے پیش آیا، جہاں شہریوں نے اچانک گولیوں کی آوازیں سنیں اور فائرنگ کے بعد ایک لڑکی کو خون میں لت پت زمین پر گرا پایا۔

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، جس میں ذاتی دشمنی، غیرت کے نام پر قتل اور دیگر محرکات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں