میٹرک کا پیپر دے کر نکلنے والی طالبات کو نشانہ بنانے کی کوشش، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
دولتالہ (نامہ نگار) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھونگ میں قائم میٹرک کے امتحانی مرکز کے باہر فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا امتحانی سینٹر پر ناقص سیکورٹی سوالیہ نشان بن کررہ گئی ہے ۔ میٹرک کا پیپر دے کر سکول سے باہر نکلنے والی طالبات پر اچانک فائرنگ کر دی گئی، جس کے نتیجے میں طالبات میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ چیخ و پکار کرتی ادھر ادھر بھاگنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق، ڈھونگ گرلز ہائی سکول میں میٹرک کا امتحان جاری تھا کہ پیپر ختم ہونے کے بعد جب طالبات باہر نکل رہی تھیں تو وہاں موجود ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں طالبات شدید خوفزدہ ہو گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام طالبات محفوظ رہیں۔فائرنگ کی آواز سنتے ہی اہل علاقہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اطلاع ملتے ہی دولتالہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کرنے والے ملزم کو قابو کر لیا۔ ملزم کی شناخت مزمل حسین ولد محمد اسلم (عرف جگا) سکنہ ڈھونگ کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس چوکی دولتالہ کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ملزم کو اسلحہ سمیت اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔