حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے:مریم نواز

لاہور(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔بزرگ افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بزرگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اور تمام بزرگوں کی صحت اور سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کیلئے ایک سبق ہیں، بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑ ھتی ہیں، بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر ہمارے روشن آج کو ممکن بنایا، بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بزرگوں کی زندگی کے تجربات اور مشاہدات خزانے کے مترادف ہیں، بزرگوں کے حقوق کی پاسداری اور خدمت فرض ہے، بزرگوں کو کبھی فراموش نہ کریں انہیں عزت اور مقام دیں گے جس کا وہ حق رکھتے ہیں۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت پنجاب بزرگ شہریوں کیلئے اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنا رہی ہے، اولڈ ہوم میں مقیم بزرگ مرد وخواتین نے حج کی سعادت بھی حاصل کی، پنجاب حکومت الیکٹرک بسوں میں بزرگ افراد کو مفت سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ اپنے بزرگوں کا احترام، ان کی عزت اور خدمت کریں۔