اسلام آباد (سردار آفتاب اقبال)پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد زون کے صدر راوّ عاطف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست کا دن ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے، جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دے کر ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ لاکھوں شہداء کے خون اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا، لیکن آج یہ تلخ حقیقت ہے کہ اگرچہ ہمارا وطن آزاد ہے، مگر ہمارا نظام ابھی تک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے راوّ عاطف نے کہا کہ حقیقی آزادی اسی وقت ممکن ہے جب ہمارے تمام قومی و سیاسی فیصلے ہمارے اپنے ایوانوں میں، پاکستان کے عوام کے ہاتھوں ہوں، نہ کہ بیرونی دباؤ یا غلامانہ سوچ کے تحت۔ اس موقع پر انہوں نے معروف نوجوان رہنما شہیر حیدر سیالوی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیر سیالوی کی قیادت میں یہ ملک اپنی کھوئی ہوئی خودمختاری اور حقیقی آزادی حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کا باشعور نوجوان طبقہ شہیر حیدر سیالوی کو سنتا، سمجھتا اور فالو کرتا ہے، کیونکہ ان کا ویژن صاف اور واضح ہے — ایک ایسا پاکستان جو کسی طاقت کا غلام نہ ہو بلکہ ایک خود مختار، مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنے۔ راوّ عاطف نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ شہیر سیالوی کا دست و بازو بنیں، ان کو مزید سیاسی قوت فراہم کریں تاکہ وہ ایوانوں تک پہنچ کر اس مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو بیرونی اثرات سے آزاد ہو، جہاں فیصلے عوامی امنگوں کے مطابق ہوں اور جہاں پاکستان دنیا میں ایک باوقار اور خودمختار ریاست کے طور پر پہچانا جائے۔
