ریاض (پنڈی پوسٹ نیوز)وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستانی حج زائرین کے لیے فضائی کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد سمیت محمود الحق ڈوگر اور عدنان اقبال بٹ سمیت دیگر لیگی عہدیداروں اور کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے دورہ پر حج انتظامات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج 2026 کے لیے تمام تر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے بتایا کہ 18 اپریل سے پاکستانی عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، اس سال سعودی وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کی رہائشیوں سمیت کھانے پینے اور سفری سہولیات کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اور پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز ترین سفری سہولت بھی حاصل کر سکیں گے جبکہ ایام حج کے دوران بھی مشاعرے مقدسہ منی مزدلفہ اور میدان عرفات میں بھی عمدہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
وفاقی وزیر نے مزید کہا سعودی وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے خطے کے موجودہ حالات کے پیش نظر باہمی تعاون کے ساتھ حج اپریشن کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا .
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حج 2026 کے لیے پاکستانی عازمین کو فضائی کرایوں میں کسی اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق حکومت پاکستان نے ایئرلائنز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت طے شدہ پیکیج کے مطابق ہی عازمین کو سعودی عرب منتقل کیا جائے گا۔