جیک اینڈ جِل اسکول روات میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات

روات (نمائندہ خصوصی)جیک اینڈ جِل اسکول روات میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی عبدالخطیب چوہدری، چیف ایڈیٹر پنڈی پوسٹ تھے جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض زاہد نقیبی نے انجام دیے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ننھے طلبہ نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیے۔ انگلش اور اردو زبان میں تقاریر نے شرکاء کو بے حد متاثر کیا اور بچوں کی خوداعتمادی اور صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر والدین کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنے بچوں کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابی پر خوشی سے سرشار نظر آئے۔

ادارے کے پرنسپل محمد رضوان نے مہمانِ خصوصی کے ہمراہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اساتذہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف طلبہ میں اعتماد پیدا کرتی ہیں بلکہ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل محمد رضوان نے مہمانِ خصوصی اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔