اسلام آباد(اویس الحق سے)وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام، گڈ گورننس اور عمران خان سمیت تمام اسیروں کی رہائی اولین ترجیح ہے، عمران خان سے ملاقات کر کے آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسف زئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر خیبر ایجنسی اور دیگر علاقوں سے آئے عمائدین، سابق وزرا اور اراکین اسمبلی نے بھی ان سے ملاقات کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے، کراس بارڈر ٹیررازم روکنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، صرف آپریشن سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اسٹیک ہولڈر تحریک انصاف ہے عوام نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا ہے وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا کے عوام کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جو بھی فیصلہ کرنا ہے صوبے کو اعتماد میں لے، اسلام آباد سے کوئی بھی فیصلہ مسلط نہ کیا جائے، میں عمران خان کے ویژن کے مطابق کام کروں گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم قبائلیوں کو پتا ہے کہ مسائل کا حل کیسے نکالنا ہے، آج پورے قبائل میں میری نامزدگی سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور میں نہ صرف قبائل بلکہ صوبے کی عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کروں گا۔