تھانہ کھنہ پولیس کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد، ملزم گرفتا

ر

اسلام آباد (نامہ نگار) تھانہ کھنہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی بنانے اور مارکیٹ میں تقسیم کرنے والے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جعلی نوٹ تیار کر رہا تھا، جنہیں مارکیٹ میں اصل کرنسی کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے جعلی کرنسی بنانے کے آلات اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم کسی منظم نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس کے دیگر کارندوں کی تلاش جاری ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جعلی کرنسی سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ افسران نے تھانہ کھنہ پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔