کلر سیداں ( نمائندہ پنڈی پوسٹ)پنجاب انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین چوہدری ناصر اور تحصیل کلر سیداں کے سینئر وائس چیئرمین راجہ کامران عزیز نے اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے صدر رانا طارق سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں تنظیمی امور، مستقبل کی حکمتِ عملی اور ادارے کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ عہدیداران یا کارکنان جو طویل عرصے سے غیر حاضر ہیں یا تنظیمی سرگرمیوں میں عملی کردار ادا نہیں کر رہے، انہیں تنظیم سے فارغ کر دیا جائے گا تاکہ فعال اور سنجیدہ افراد کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔
اجلاس میں ہر ڈویژن کی سطح پر ماہانہ بنیادوں پر باقاعدہ میٹنگز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا، تاکہ تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ملاقات کے دوران چوہدری ناصر اور صدرِ پاکستان رانا طارق نے باہمی مشاورت سے اس عزم کا اظہار کیا کہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے پلیٹ فارم کو مزید مستحکم، متحرک اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے، تاکہ انسانی حقوق کے تحفظ اور آگاہی کے مشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔