بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ کچھ دیر میں ادا کی جائے گی

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ کچھ دیر میں ادا کی جائے گی، عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزار محمد یونس سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ڈھاکا پہنچے ہیں۔بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم کو سابق صدر اور ان کے شوہر ضیا الرحمان کے پہلو میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت مختلف امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ڈھاکا کے اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم گزشتہ روز وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔وہ بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جبکہ انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔

انہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں بھارت، بھوٹان اور مالدیپ کے حکام بھی شریک ہوں گے۔