جہلم(چوہدری عابد محمود،عمیراحمدراجہ) جہلم جوشہری بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا چاہتا ہے وہ ضروری ہدایات کو ضرور پڑھ لیں۔بلدیاتی انتخابات کے طریقہ کار کے مطابق ہر کونسل میں جنرل سیٹ کی تعداد 3، خاتون.1 نوجوان 1. کسان۔ 1 اور اقلیتی نشست بھی1 ہوگی۔اس طرح ایک کونسل میں کل ممبران کی تعداد 7 ہوگی ویلج میں جو بھی پہلے نمبر پر آئے گا وہ ویلج ناظم اور تحصیل اسمبلی کا ممبر بھی ہوگا، ایک ووٹر 6 ووٹ ڈال سکے گا۔امیدوار کے لئے انتخاب لڑنے کے لئے کوئی تعلیمی قابلیت کی شرط نہیں رکھی گئی۔ البتہ نوجوان سیٹ کے انتخاب کے لئے 21 سال سے 30 سال تک اور باقی نشستوں کے لئے 21 سال سے اوپر جتنی بھی عمرہو حصہ لے سکے گا۔ امیدوار صرف اسی کونسل سے انتخابات لڑ سکتا ہے جہاں پر اس کا ووٹ بطور ووٹر انتخابی فہرست میں درج ہوگا۔ انتخابات کے لئے داخلہ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں نامزدگی فارم جمع کراناہوگا۔اور ویلج/ نیبرہوڈ کونسل کے لئے انتخابات کی نامزدگی فارم جمع کرنے کی فیس 5,000جبکہ تحصیل چیئرمین کی نشست کے انتخاب کی نامزدگی فارم جمع کرنے کی فیس 50,000 روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ فیس ناقابل واپسی ہوگی۔ تحصیل چیئرمین کی نشست کے لئے انتخاب براہ راست ووٹ کے ذریعے ہوگا یعنی پوری تحصیل کونسل میں جتنے ووٹر رجسٹرڈ ہیں انہی سے ایم این اے اورایم پی اے کی طرز پر ووٹ حاصل کیا جائے گا۔ضلع کونسل کا نظام اس دفعہ ختم کیا گیا ہے اس لئے ضلع ممبر یا ضلع ناظم نہیں ہوگا۔ یونین کونسل لیول پر اس بار انتخابات نہیں ہوگے اس بار صرف نیبر ہوڈ یا ویلج کونسل کے انتخابات ہونگے اور اوپر لیول پر تحصیل کونسل ہوگی۔البتہ ووٹر کی کوئی تعداد نہیں رکھی گئی کیونکہ حلقہ بندی ووٹر نہیں بلکہ آبادی کے اعتبار سے کی گئی ہے اور ہر کونسل میں 5 سے 15 ہزار افراد پر مشتمل ہوگی۔