باجوڑ: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 11 جوان شہید، 12 خوارج ہلاک

باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گردوں کے دھماکے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں 12 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا چاہتے تھے مگر منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جس پر حملہ آوروں نے دھماکہ خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرادی۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اس دوران کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہد کا کہنا تھا ’ہم جب ملبے تلے سے لوگوں کو نکال رہے تھے، اُس وقت بھی چیک پوسٹ پر فائرنگ ہو رہی تھی جس پر وہاں موجود اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور جب ایمبولینس اور گاڑیوں پر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا اُس وقت بھی فائرنگ ہوئی۔‘

علاقے کی صورتحال کے پیشِ نظر انھوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی۔

ان کے مطابق عشا کی نماز کے بعد علاقے میں دھماکے کی زوردار آواز سُنی گئی اور انھیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے یہ دھماکہ بالکل اُن کے قرب و جوار میں ہوا ہے۔ ’کم و بیش یہی حالات اِس علاقے کے ہر گھر کے تھے، جہاں لوگوں کو محسوس ہوا کہ جیسے زوردار دھماکہ اُن کے مکان کے آس پاس ہی ہوا ہے۔‘


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.