(پنڈی پوسٹ نیوز)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر پیٹرول سبسڈی اسکیم کو 10 ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو حکومت اسے عوام کے لیے جاری رکھے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے، جبکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے فی لیٹر 100 روپے تک پیٹرول ریلیف کی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔
پیٹرول سبسڈی اسکیم پر حکومت ماہانہ 35 سے 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اور اگر اسے 10 ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو بھی عوام کے لیے جاری رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر نے پیٹرول پمپ مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغیر اضافی چارجز کے اسکیم کا فائدہ عوام تک پہنچانے میں تعاون کیا۔