کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس میں تفصیلی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات آج صبح وزیر اعظم کی دعوت پر منعقد ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، پاکستان کو درپیش معاشی اور انتظامی چیلنجز اور جنگ کے وسیع تر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ممکنہ بعد از جنگ حالات اور ان کے پاکستان اور خطے پر ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے وزیر اعظم کو اپنے حلقے کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا اور مقامی عوام کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورننس میں بہتری، انتظامی کارکردگی کو مؤثر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے حوالے سے متعدد عملی تجاویز بھی پیش کیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ان تجاویز کو توجہ سے سنا اور عوامی نمائندوں کی جانب سے نچلی سطح کے مسائل وفاقی حکومت تک پہنچانے کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ حکومتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف حلقوں کے منتخب نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔اس ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری محب علی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ہونے والی گفتگو اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت پارلیمانی نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے مقامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پیچیدہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا بھی مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔